اڈپی،3؍جنوری (ایس او نیوز) ایک ترکاری لے جانے والی لاری کارکلا میں مال گھاٹ پر حادثے کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے اس کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔مہلوک کی شناخت چکمگلورو کے رہنے والے انّپا (57سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ لاری کا کنڈکٹر حادثے میں زخمی ہوگیا ہے جس کو علاج کے لئے کارکلا سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ گھاٹ کے بجگولی نامی مقام پر جو گھماؤتھا وہاں پر لاری ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور سڑک کنارے الٹ کر گرگئی۔ گہری چوٹ لگنے کی وجہ سے ڈرائیور نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔لاری میں پھنسی ڈرائیور کی لاش باہر نکالنے کے لئے پولیس او رمقامی افراد کو دو گھنٹے تک بڑی مشقت کرنی پڑی۔کارکلا دیہی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔
دوسرا حادثہ بیلتنگڈی میں پیش آیا جس میں آٹورکشہ اور کار میں ٹکر ہوگئی، جس کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بھوجبلی ہیگڈے کے طور پر کی گئی ہے جو کہ اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ رکشہ میں سفر کررہا تھا۔بھوجبلی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔بھوجبلی کی بیوی، بیٹے اور رکشہ ڈرائیور کو گہری چوٹیں آئی ہیں ، جبکہ شیموگہ کی طرف جارہی کار میں سوار اوشا اور ناگ بھوشن بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ان سب کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ سے کار اور آٹو رکشہ پوری طرح تباہ ہوگئے ہیں۔
تیسرا حادثہ ملپے میں پیش آیا جس میں مچھلی سپلائی کی جانے والی انسولیٹر لاری اور اسکوٹر کی ٹکر ہوگئی۔اس حادثے میں اسکوٹر سوار ہلاک ہوگیا۔ مہلوک خلیفہ اسحاق (48سال) ہوڈے کا رہنے والا تھااور ملپے بندرگاہ میں ماہی گیری کا کام کیا کرتا تھا۔صبح 4.30بجے کے وقت جب وہ اپنی اسکوٹر پر سوار ہوکر ملپے بندرگاہ کی طرف آرہا تھا تو لاری کی ٹکر سے وہ زخمی ہوگیا اور اسپتال لے جاتے وقت راستے میں ہی جاں بحق ہوگیا۔ اس تعلق سے ملپے پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔